بھارتی وزیردفاع کا بیان، ثابت ہو گیا پاکستان میں دہشت گردی کرانے میں بھارت ملوث ہے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (92نیوز) قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی وزیر کے بیان سے یہ ثابت ہو گیا کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کی منتخب حکومت کے وزیر نے کھلے الفاظ میں دہشت گردی روکنے کے بہانے دہشت گردی کرانے کی بات کی ہو۔
ان کے بیان نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں حکومتی خدشات کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مخلصانہ طریقے سے اپنے ہمسائے سے اچھے تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور دونوں کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنا چاہئیں۔
پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔