Tuesday, April 30, 2024

بھارتی لڑکی گیتا شادی شدہ نکلی، شوہر اور 10سالہ بیٹا خاندان کے ہمراہ واپسی کا منتظر

بھارتی لڑکی گیتا شادی شدہ نکلی، شوہر اور 10سالہ بیٹا خاندان کے ہمراہ واپسی کا منتظر
October 17, 2015
کراچی (92نیوز) قوت گویائی اور سماعت سے محروم بھارتی لڑکی گیتا کے والدین کے علاوہ اس کا شوہر اور دس سالہ بیٹا بھی شدت سے وطن واپسی کے لئے بے چین ہیں۔ گیتا کے شادی شدہ اور ایک بیٹے کی ماں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قوت سماعت و گویائی سے محروم بھارتی لڑکی گیتا جو کراچی میں ایدھی فاﺅنڈیشن میں مقیم ہے، کی بھارت واپسی کی تیاریاں جاری ہیں۔ 23سالہ گیتا کے شادی شدہ اور ایک بیٹے کی ماں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ گیتا بہار کے ضلع سہرسہ کے ایک گاﺅں کی رہائشی ہے۔ گیتا کی ماں کا نام شانتی دیوی اور باپ کا نام جنر دھن مہتو ہے۔ گیتا جالندھر کے قریب کرتار پور میں بیساکھی میلہ میں خاندان سے بچھڑ گئی تھی۔ گاﺅں والوں کا کہنا ہے کہ گیتا کی شادی کم عمری میں ہی امیش مہتو سے ہو گئی تھی اور اس کا ایک بیٹا بھی ہے جس کی عمر اب دس سال ہے۔ بیٹے کا نام سنتوش مہتو ہے۔ گیتا کے بھائیوں جینان دھن اور بلرام دھن نے اپنی بہن کی کفالت پر ایدھی فاﺅنڈیشن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ گاﺅں والوں کے مطابق گیتا غلطی سے سمجھوتہ ایکسپریس میں سوار ہو کر لاہور پہنچی۔ اس وقت اس کی عمر بارہ یا تیرہ برس تھی۔ لاہور پولیس نے اسے ایک شیلٹر ہوم کے حوالے کیا تھا اور بالاخر وہ ایدھی سنٹر پہنچی۔ گیتا کا اصل نام ہیرا منی ہے اور گیتا نام اسے بلقیس ایدھی نے دیا۔ گیتا کے خاندان کی اکثریت اب پنجاب اور دہلی میں مقیم ہے۔