بھارتی قومی پیداوار آٹھ ٹریلین ڈالر ہونیکا دعویٰ کرنے پر نریندر مودی پر شدید تنقید، بھارت کا منفی تاثر ابھرے گا: اپوزیشن
دہلی (نائنٹی ٹو نیوز) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگرس نے بھارتی قومی پیداوار آٹھ ٹریلین ڈالر ہونے کا دعویٰ کرنے پر نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی غلط بیانی سے بھارت کے بارے میں منفی تاثر ابھرے گا۔
نریندر مودی نے امریکا میں جوش خطابت میں دعویٰ کر دیا کہ بھارتی قومی پیداوار آٹھ ٹریلین ڈالر سالانہ ہے، ان کے بیان سے بھارت میں ایک نئی سیاسی بحث چھڑ گئی ہے۔ کانگرس کا کہنا ہے کہ اس کی حکومت کے خاتمے تک تو قومی پیداوار دو اعشاریہ دو سات ٹریلین تھی جو اس وقت دو اعشاریہ پانچ صفر ٹریلین کے قریب ہے تو مودی نے کیونکر کہہ دیا کہ بھارتی قومی پیداوار آٹھ ٹریلین ڈالر ہے۔
نریندر مودی عموماً بھارت کی تعریف میں زمین وآسمان کے قلابے ملانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور بات کرتے ہوئے بھول جاتے ہیں کہ انہیں کہنا کیا ہے۔
کانگرس کا کہنا ہے کہ مودی اپنے دستر خوان میں یا آر ایس ایس کی قیادت سے نہیں بلکہ عالمی فورم پر بات کر رہے تھے، انہیں معاملات کا علم نہیں تو اچھے مشیر رکھ لیں جو ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنے کے ساتھ صحیح اور درست اعدادوشمار فراہم کریں۔
کانگرس کے مطابق مودی کی بات سے دنیا بھر میں بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی۔ دوسری طرف فیس بک اور ٹویٹر کا استعمال بھی انہیں مہنگا پڑ رہا ہے جس سے تاثر ابھر رہا ہے کہ وہ سنجیدہ شخصیت نہیں۔ نریندر مودی سوشل میڈیا کی طاقت کے کچھ زیادہ ہی معترف ہیں، کہتے ہیں آج سوشل میڈیا کی یہ طاقت ہے کہ وہ حکومتوں کو بتا سکتا ہے کہ وہ کہاں غلط ہیں اور انہیں غلط سمت میں جانے سے روک سکتا ہے۔