بھارتی قابض فورسز نے گاڑی تلے کچل کر نوجوان کو شہید کردیا
سرینگر (92 نیوز) بھارت کی درندہ صفت فوج نے مسجد کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گاڑی تلے کچل دیا۔ ایک نوجوان شہید جبکہ دیگر زخمی ہو گئے۔
شہید نوجوان کی شناخت قیصر بٹ کے نام سےہوئی ہے۔ شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا اور انہوں نے نعرہ تکبیر کے فلک شگاف نعروں اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ نماز جنازہ میں شرکت کی۔
قابض فورسز نے نمازہ جنازہ پڑھنےکیلئے آنےوالوں کو بھی نہ بخشا اور ان پر بندوقوں کے منہ کھول دیئے جس کے باعث درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف وادی بھرمیں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی گئی۔ سڑکیں ویران جبکہ کاروباری مراکز بند پڑے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگرکے علاقے ناہوٹا میں کشمیری نوجوان بھارتی بربریت کیخلاف احتجاج کر رہے تھے کہ قابض فورسز نے اُن پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں4 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زخمیوں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس مئی 2018 تک بھارتی فورسز کے ہاتھوں 31 کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں ایک خاتون اور 6 نوعمر بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کشمیریوں کو جیپ کے آگے باندھ کر وادی میں گھمایا جاتا تھا اور اب سیدھا گاڑی چڑھائی جارہی ہے۔