Saturday, July 27, 2024

بھارتی فوج کا ایک اور ڈھونگ بے نقاب ، گاڑی کے آگے باندھا جانیوالا نوجوان بے گناہ نکلا

بھارتی فوج کا ایک اور ڈھونگ بے نقاب ، گاڑی کے آگے باندھا جانیوالا نوجوان بے گناہ نکلا
April 15, 2017
سرینگر(92نیوز)بھارتی فوج کا ایک اور ڈھونگ بے نقاب ، فوجیوں پر پتھر پھینکنے کی پاداش میں گاڑی کے آگے باندھا جانے والا نوجوان پولیس تحقیقات میں بے گناہ نکلا۔ فاروق احمد ڈار کاکہنا ہے کہ اس نے کبھی فوج پر پتھرنہیں پھینکے ، وہ تو نام نہاد انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرکے گھر جارہا تھا۔ تفصیلات کےمطابق بھارتی فوج کی لنکا گھرکے بھیدی نے ہی ڈھادی پتھر پھینکنے کی پاداش میں نوجوان کو گاڑی کے آگے باندھ کر اسکی تضحیک کرنے کے معاملے کی تحقیقات ہوئیں تو نوجوان سچا اور بھارتی فوج جھوٹی نکلی۔ بڈگام کے رہائشی چھبیس سالہ  فاروق احمد ڈار نے پولیس کے روبرو اپنے بیان میں خود پر ظلم کی داستان سناتے ہوئے بتایا کہ اس نے کبھی بھارتی فوج پر پتھر نہیں پھینکے وہ تو ووٹ ڈال کر گھر جارہا تھا جب بھارتی فوج نے اسے پکڑلیا۔ فاروق کا کہنا تھا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے درزی ہے اور اپنی بوڑھی  والدہ کے ساتھ اکیلا رہتا ہے  فاروق کاکہنا تھا کہ وہاں موجود لوگوں نے ظالم فوجیوں کی بہت منت سماجت کی لیکن انہیں رحم نہ آیا۔ واضح رہے کہ  وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپوزیشن رہنما عمر عبد اللہ کے دبائو پر پولیس کو واقعے کی   انکوائری کا حکم دیا تھا تاہم ڈرے سہمے فاروق ڈار کا کہنا ہے کہ وہ غریب لوگ ہیں ،وہ مزید تحقیقات کے جال میں پھنس کر اپنی جان گنوانا نہیں چاہتا۔ انکوائری رپورٹ کا جو بھی حشر ہو تاہم ایک بات واضح ہے کہ اس واقعے  نے بھارتی فوج کے سیاہ دامن پر ایک اور داغ لگادیا ہے ۔