بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری نام نہاد سیزفائر ختم کرنے کااعلان کردیا
نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری نام نہاد سیز فائر ختم کرنے کا اعلان کردیا ، ماہ رمضان کے دوران وادی میں قابض فوج کی پر تشدد کارروائیوں میں 26 نہتے کشمیری شہید ہوئے ۔دوسری جانب امریکی خفیہ ایجنسی نے بجرنگ دَل، وشوا ہندو پریشاد اور آر ایس ایس کو انتہاپسند تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ۔
بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری سیز فائر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انھوں نے دعویٰ کی کہ ان کی فورسز ماہ رمضان کے دوران کسی بھی پرتشدد کارروائی میں ملوث نہیں ہوئی ۔
بھارتی حکومت نے رمضان المبارک کے آغاز میں جنگ بندی کا نام نہاد اعلان کیا تھا، جس کے باوجودقابض فورسز کی سنگدلانہ کارروائیاں جاری رہیں ، اس سیز فائر کے دوران 26 نہتے کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا، جبکہ 14 جون کو کشمیری اخبار کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری کو بھی گولیاں مار کر شہید کردیا گیا تھا ۔
دوسری جاب امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی ورلڈ فیکٹ بک سامنے آئی ہے جس میں انتہاپسند بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشاد کو عسکریت پسند مذہبی جبکہ راشٹریہ سوائم سیوک سَنگھ کو قومیت پسند تنظیم قرار دیاگیا ہے۔
سی آئی اے نے ان تنظیموں کو سیاسی دباؤ دینے والے گروپ کی فہرست میں رکھا ہے۔