Saturday, July 27, 2024

بھارتی ایجنٹ کی بلوچستان سے گرفتاری، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، وزیراعظم کی ہر فورم پر معاملہ اٹھانے کی ہدایت

بھارتی ایجنٹ کی بلوچستان سے گرفتاری، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، وزیراعظم کی ہر فورم پر معاملہ اٹھانے کی ہدایت
March 25, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی بلوچستان سے گرفتاری کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ یہی نہیں معاملہ عالمی سطح پر بھی اٹھا دیا۔ دفتر خارجہ نے بیرونِ ملک تعینات سفیروں کو ہدایات بھی جاری کر دیں۔ دفتر خارجہ  سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کی پاکستان میں موجودگی اور جاسوسی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستان نے بلوچستان میں جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے دفتر خارجہ سے بریفنگ مانگ لی ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی وزیراعظم کو معاملے پر بریفنگ دینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم کے دورہ واشنگٹن سے قبل ملیحہ لودھی کی پاکستان  آمد کا امکان ہے۔ وزارت خارجہ  اور سیکورٹی حکام اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کو اس معاملے پر بریفنگ دینگے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر کو بھی اعتماد میں  لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دفترخارجہ نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔ مختلف ممالک میں پاکستانی سفیروں اور ہائی کمشنرز کو اس معاملے پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عالمی براداری کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت کی ثبوتوں سے آگاہ کیا گیا جائے گا۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی سفیر اور ہائی کمشنرز 31 مارچ سے قبل اپنی رپورٹس پیش کریں۔