Saturday, July 27, 2024

بھارتی اداکار امیتابھ بچن‘ ایشوریہ رائے بھی دولت چھپانے والوں میں شامل

بھارتی اداکار امیتابھ بچن‘ ایشوریہ رائے بھی دولت چھپانے والوں میں شامل
April 4, 2016
ممبئی (ویب ڈیسک) بیرون ملک اثاثے چھپانے والوں میں بھارتی اداکار بھی پیچھے نہیں رہے۔ جن بھارتی اداکاروں کے نام پاناما پیپرز نے افشا کئے ان میں امیتابھ بچن، کے پی سنگھ، ایشوریہ رائے ، اقبال مرچی بھی شامل ہیں۔ پانامہ پیپرز کے مطابق بیرون ملک اثاثے چھپانے والوں میں بھارت کے پانچ سو افراد کے نام شامل ہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کے پی سنگھ کے خاندان کے نو افراد کے علاوہ اپالو ٹائرز اور انڈیا بلز کے پروموٹرز سے گوتم ادنی کے بڑے بھائی ونود ادنی بھی کالا دھن بیرون ملک منتقل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ پچھلے سال سوئس لیکس کی جاری کردہ فہرست میں گیارہ سو بھارتیوں کے نام ظاہر کئے گئے تھے جن کے ایچ ایس بی سی جنیوا میں خفیہ اکاو¿نٹس تھے۔ پاناما پیپرز کے مطابق کے پی سنگھ کے خاندان کے دس افراد کے دس ملین ڈالر کے اثاثے اور تین بے نامی کمپنیاں بیرون ملک ہیں اور اس خاندان کے کاروباری مفادات کرنال سے لندن اور بہاماز تک پھیلے ہوئے ہیں۔ امیتابھ بچن کے نام پر بیرون ملک چار شپنگ کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جن کا ابتدائی سرمایہ پانچ سے پچاس ہزار ڈالر تک ہے لیکن یہ کروڑوں ڈالر کا کاروبار کرتی ہیں۔ ایشوریہ رائےبرٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ کمپنی کی ڈائریکٹر اور شیئر ہولڈر رہی جبکہ اس کے والد، والدہ اور بھائی بھی ایمک نامی کمپنی کے ڈائریکٹروں میں شامل ہیں لیکن دوہزارپانچ میں ایشوریہ کا نام ڈائریکٹروں کی فہرست سے نکال کر حصہ داروں میں شامل کر دیا گیا۔ مغربی بنگال کے سیاستدان شیشیر بجوڑیا اور لوک ستا پارٹی کے سابق سربراہ انوراگ کیجری وال بھی بیرون ملک اثاثے چھپانے والوں میں شامل ہیں۔