Sunday, December 5, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

بھارت، مہاراشٹرمیں دلت نوجوان کی ہلاکت کے بعد کشیدگی،ٹرین سروس معطل

بھارت، مہاراشٹرمیں دلت نوجوان کی ہلاکت کے بعد کشیدگی،ٹرین سروس معطل
January 3, 2018

ممبئی ( 92 نیوز ) بھارتی ریاست مہاراشٹرمیں نسلی فسادات بڑھ گئے ۔  دلت نوجوان کی ہلاکت کے بعد کشیدگی برقرار  ہے ۔ پوری ریاست میں بس اور ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے ۔

پُونے سے شروع ہونے والے فسادات نے دیگر شہروں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ کئی سرکاری املاک کو آگ لگادی گئی ۔

 بھارتی ریاست مہاراشٹر کے کئی شہروں میں مراٹھا ہندوؤں اور دلتوں کے درمیان نسلی بنیادوں پر ہونے والے فسادات کے بعد صورت حال انتہائی کشیدہ ہے اور ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں فسادات کی آگ دو روز پہلے اس وقت پھیلی جب پونے کے نواحی گاؤں بھیما کورے میں 19ویں صدی میں انگریزوں اور مرہٹوں کے درمیان تیسری جنگ کی 200 ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران ایک دلت کو قتل کردیا گیا ۔

مرہٹوں اور دلتوں کے درمیان کشیدگی نے ممبئی سمیت کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے بازاروں کو بند کرادیا جب کہ دلت تنظیموں نے ریاست بھر میں ہڑتال کی کال دے دی۔

ہڑتال اور پرتشدد مظاہروں کے باعث ممبئی سمیت مہاراشٹرا کے کئی شہروں میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ ریاست بھر میں چلنے والی 40 ہزار سے زائد بسیں اور کئی ٹرینیں بند ہیں جس کی وجہ سے روز مرہ معمولات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

پولیس نے ریاست بھر میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔