Tuesday, December 5, 2023

بڑا بریک تھرو !!! براہمداغ بگٹی نے آزاد بلوچستان کے مطالبے سے دستبردار ہونے کا اشارہ دیدیا

بڑا بریک تھرو !!! براہمداغ بگٹی نے آزاد بلوچستان کے مطالبے سے دستبردار ہونے کا اشارہ دیدیا
August 27, 2015
کوئٹہ (92نیوز) کالعدم بلوچ ری پبلکن پارٹی کے سربراہ اور جلاوطن بلوچ رہنما براہمداغ بگٹی نے بلوچستان حکومت سے مذاکرات پرآمادگی ظاہر کر دی جس کا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں قیامِ امن کی راہ کی ایک اوررکاوٹ دورہوتی نظرآرہی ہیں کیونکہ جلاوطن بلوچ رہنما براہمداغ بگٹی نے بلوچستان کے مسئلے پر مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچ عوام چاہیں تو وہ آزاد بلوچستان کے مطالبے سے دستبردار ہونے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے پاکستان واپس آنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی اورواضح کیا کہ وہ تمام معاملات بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے ماحول کوسازگاربنانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارت سے مدد لینے کا بھی اعتراف کیا اورکہا کہ اپنے دفاع کےلئے امریکا اوراقوامِ متحدہ سے بھی مدد مانگ سکتے ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان نے براہمداغ بگٹی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام ناراض بلوچ بھائیوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان میں لگی آگ جلد ٹھنڈی ہو اورانہیں اس سلسلے میں مکمل مینڈیٹ حاصل ہے۔ بلوچ حکومت اس سے پہلے سینئر وزیرثناءاللہ زہری کے توسط سے خان آف قلات سے رابطہ کرچکی ہے۔