بڈھ بیر کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تین دہشتگرد گرفتار
پشاور(92نیوز)پشاور پولیس کو بڈھ بیر کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران بڑی کامیابی مل گئی،خیبرایجنسی کی کالعدم تنظیم کے تین تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا جبکہ سوات میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد کو دھر لیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق بڈھ بیر ایئرفورس کیمپ پر حملے کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی آگئی ہے پشاور پولیس کی خصوصی آپریشن ٹیم نے بڈھ بیر میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا،آپریشن کے دوران پولیس کو بڑی کامیابی ملی ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق خیبرایجنسی کی کالعدم تنظیم کے جمروز گروپ کے تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے ہیں ،گرفتار ہونے والے نصیر، حضرت شیر اور زرما خان نے سنائپر کی باقاعدہ تربیت حاصل کررکھی تھی۔
گرفتارملزمان سے ایس ایم جی رائفل، پستول اور دو دستی بم برآمد ہوئے دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ ریجن نے مٹہ سوات میں کارروائی کی جس میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد غازی اکبرکو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔