Tuesday, September 17, 2024

بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا، مریم نواز

بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا، مریم نواز
July 11, 2021

ہٹیاں بالا (92 نیوز) مریم نواز کا کہنا ہے بچہ بچہ کٹ مرے گا لیکن کشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔

مریم نواز نے راجہ فاروق حیدر کے حلقے ہٹیاں بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آئے، اب کشمیر پر نظر لگائے بیٹھے ہیں۔ اگر تم نے کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو راجہ فاروق حیدر تمہیں چھوڑے گا نہیں۔ ہم ہر اس کشمیری کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے کسی اپنے کو کھویا ہے۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے نہ ہم انہیں بھولنے دیں گے۔

مریم نواز نے کہا میں عمران خان کو پیغام دینا چاہتی ہوں۔ عمران خان تم جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی ساتھ لے کر آنا۔ کشمیری تم سے سوال کریں گے بھارت کو 74 سال میں پہلی دفعہ شب خون مارنے کی ہمت کیسے ہوئی۔ جو ورلڈکپ امریکا سے جیت کر آئے تھے کشمیری پوچھیں گے وہ کس الماری میں چھپا کر رکھ دیا ہے۔ کشمیری پوچھیں گے تمہاری خاموشی کب ٹوٹے گی۔ کشمیری پوچھیں گے کشمیر کے حق میں کتنی قراردادیں منظور کرائیں۔ تم نے اسلامی سربراہی کانفرنس میں بھارت پر پریشر ڈالنے کی کوشش کی۔ کون کون سے دوست ممالک کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کیا۔ کوئی بھی دوست ملک تمہاری بات سننے کو تیار نہیں۔

 مریم نواز کا کہنا تھا ہٹیاں بالا والوں سے کہتی ہوں آپ نے راجہ فاروق حیدر کا ساتھ دینا ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے وفاداری کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کشمیر کا کلچر تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیر کو صوبہ بننے سے بچانے کے لیے راجہ فاروق حیدر شیر کی ضرورت ہے۔