Saturday, July 27, 2024

بچوں کا اغوا : خفیہ کیمرے لگانے‘ ویڈیو گیم سنٹرز‘ بلیئرڈ کلبوں کی نگرانی کا فیصلہ

بچوں کا اغوا : خفیہ کیمرے لگانے‘ ویڈیو گیم سنٹرز‘ بلیئرڈ کلبوں کی نگرانی کا فیصلہ
July 31, 2016
لاہور (92نیوز) آئی جی پنجا ب مشتاق احمد سکھیرا نے صوبے بھر میں بچوں کی سکیورٹی اور گمشدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی کی منظوری دے دی جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے بچوں کی سکیورٹی اور گمشدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی کی منظوری سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی جبکہ پالیسی کے بارے میں تمام فیلڈ افسران کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ پالیسی کے مطابق ہر ایس ایچ او بچے کی گمشدگی یا اغوا کی درخواست موصول ہوتے ہی فوری مقدمہ درج کرے گا۔ مقدمہ درج نہ کرنے پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ریلوے اسٹیشن، لاری اڈوں، درباروں اور پبلک پارکوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ بلیئرڈ اور ویڈیو گیمز کے کلبوں میں بچوں کی نگرانی اور اغوا کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ہر تھانے کی حدود میں موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ گمشدہ اور بازیاب ہونے والے بچوں کے ریکارڈ تصویر کے ساتھ مرتب کیے جائیں گے۔ پالیسی کے مطابق ہر ضلع میں گزٹیڈ افسر اغوا شدہ بچوں کے مقدمات میں فوکل پرسن ہوگا اور پندرہ روز میں ڈائری کرائم برانچ کو بھیجنے کا پابند ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے اس سلسلے میں عوام کی آگاہی کے لیے ایک بھرپور میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔