Friday, December 9, 2022

بورے والا میں جعل ساز مافیا دکاندار کے اکاؤنٹ سے اڑھائی لاکھ روپے لے اُڑا

بورے والا میں جعل ساز مافیا دکاندار کے اکاؤنٹ سے اڑھائی لاکھ روپے لے اُڑا
ملتان (92 نیوز) بورے والا میں جعل ساز مافیا دکاندار کے اکاؤنٹ سے ڈھائی لاکھ روپے لے اُڑا۔ ملزم نے فون کر کے دکاندار سے اُس کے اکاؤنٹ کی معلومات حاصل کیں ۔ لوگوں کے اکاؤنٹس کا صفایا کرنے والا مافیا  ایک کے بعد دوسری کارروائی کررہا ہے ۔ اب کی بار مافیا کا شکار بنا بورے والا کا رہائشی نوجوان احسن رشید  جو سپیئرپارٹس کا کاروبار کرتا ہے۔ احسن رشید کا کہنا ہے کہ اٹھارہ نومبر کو اُسے ایک فون کال موصول ہوئی  اور اُس سے اُس کے اکاؤنٹ کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی جس کے بعد اُس کے اکاؤنٹ سے نجی بینک میں رقم منتقل کی گئی۔ احسن رشید نے شک کی بنیاد پر اپنے بینک سے رابطہ کیا تواسے اپنے اکاؤنٹ سے رقم منتقلی کا علم ہوا ۔ احسن رشید بینک کو آگاہ کرنے کے علاوہ مافیا کا سراغ لگانے کے لئے خود بھی متحرک ہوا۔ اس کوشش کے دوران احسن رشید کو اکاؤنٹ کا ڈیٹا حاصل کرنے والے شخص نے وٹس ایپ پر رابطہ کر کے بتایا کہ اُس کے اکاؤنٹ سے رقم ٹرانسفر کرنے میں اس کا کوئی کردار نہیں تاہم اگر وہ جڑانوالہ آئے تو وہ اس مافیا کے بارے میں اُسے آگاہ کر سکتا ہے ۔ احسن رشید نے یہ تمام معلومات ایف آئی اے حکام کو بھی فراہم کر دی ہیں۔