پی ٹی آئی ٹکٹوں سے محروم امیدواروں کا بنی گالہ کے باہر احتجاج،عمران خان بھی ڈٹ گئے
اسلام آباد( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹوں سے محروم امیدواروں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے خیمے لگا لئے اور چھاتہ بردار نامنظور کے نعرے لگائے ۔ عمران خان نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور اپنے فیصلے تبدیل کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
عام انتخابات 2018 کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹیں تقسیم کی گئیں تو بنی الہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوا ،
پشاور کے حلقوں سے آئے احتجاجی مظاہرین نے چھاتہ بردارنامنظور اور انصاف کرو کے نعرے بلند کرتے رہے ، مظاہرین نے بنی گالہ کے باہر خیمے لگائے تو بالآخر عمران خان احتجاجی مظاہرین کے پاس پہنچے اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ ٹکٹوں پر فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے ۔
کپتان اپنا فیصلہ سنانے کے بعد روانہ ہو گئے ، کھلاڑیوں کا احتجاج کم نہ ہوا اور احتجاج میں ایک بار پھر شدت آ ئی تو عمران خان پھر اپنے کارکنوں کے پاس پہنچے جہاں ایک بار پھر کپتان اور کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا ۔
عمران خان نے کارکنوں کی جانب سے تمام دباؤ مسترد کرتے ہوئے صاف کہا کہ کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کروں گا، میرٹ اور ایمانداری سے پارلیمانی بورڈ کے ساتھ مل کر ٹکٹس دیئے ہیں ،آج آپ کے کہنے پر فیصلہ تبدیل کرلوں تو کل اور لوگ آجائیں گے۔
عمران خان نے مظاہرین سے کہا کہ کہا جس کو اعتراض ہے وہ درخواست دے نظر ثانی کریں گے۔