Saturday, July 27, 2024

بنی گالہ تعمیرات اور تجاوزات کیس ، لیز پر لی گئی زمینوں کے مالکان کو نوٹسز جاری

بنی گالہ تعمیرات اور تجاوزات کیس ، لیز پر لی گئی زمینوں کے مالکان کو نوٹسز جاری
March 27, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) بنی گالہ تعمیرات کیس میں چیف جسٹس نے آئندہ منگل تک راول جھیل کی دیکھ بھال سمیت تمام مسائل کا حل اور تجاویز طلب کر لیں ۔ بنی گالہ میں لیز پر لی گئی گیارہ زمینوں کے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کر دئیے ۔

 سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بنی گالہ تعمیرات و تجاوزات کیس کی سماعت کی ۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے رابطہ نہیں ہو سکا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آج ہی کیس کو نمٹانا چاہتے تھے ۔ ایک ایشو بوٹینیکل گارڈن میں تجاوزات اور دوسرا غیر قانونی تعمیرات کا ہے۔ جو تعمیرات ہو چکی انہیں ریگولر کریں یا جرمانے کریں ۔ تیسرا ایشو راول ڈیم کو گندے پانی سے بچانا ہے کیس کو التوا میں نہیں ڈال سکتے ۔

 اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ طارق فضل چوہدری ملک سے باہر ہیں ، مہلت دیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وقت ہی تو نہیں ہے ۔ تمام فریق بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں ۔  

 چئیرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات کو ریگولر کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھیں گے ۔ پہلے سروے کرنا پڑے گا ۔ راول ڈیم کو آلودہ پانی سے بچانے کے لیے مقامی مکین گھروں میں سیپٹک ٹینک بنائیں گے ۔

 جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ سیپٹک ٹینک بنانا عارضی حل ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ خط کی بجائے خود مل لیں ۔ ہر چیز کا حل موجود ہے ، عزم ہونا چاہیے۔

 جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ چئیرمین صاحب ابھی تک کیا کیا ۔  

 چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ذمہ داران مسائل کا حل لائیں ورنہ قانون خود اپنا راستہ بنا لے گا۔ کیوں نا رانا ثنا اللہ کو بلا لیں ۔ مرکز اور صوبے میں انہی کی حکومت ہے ۔ مفاد عامہ کے مقدمات التوا میں نہیں رہنے دیں گے ۔

 اس کے بعد مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی ۔