بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نذر

برسٹل ( 92 نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی مسلسل بارش کے باعث ٹاس کے بغیر ہی ختم ہوگیا ،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
ورلڈکپ 2019میں بارش کا راج ہے ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش اپنے ساتھ بہا کر لے گئی ۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
ورلڈ کپ 2019 کے اکثر میچز بارش کے باعث متاثر ہو رہے ہیں جس پر سوشل میڈیا پر صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔
متھن سری نامی صارف نے کھلاڑیوں کو پانی کے اندر کھیلتے ہوئے دکھایا اور لکھا میچ شروع ہوگیا،فیضان نے ورلڈکپ ٹرافی کی زیر سمندرلی گئی تصویر شئیر کرتے ہوئے طنزیہ طور پر انگلینڈ کو فاتح قراردیا۔
احمد کاہلوں نے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی جگہ بارش کو ٹاپ پوزیشن پر دکھایا۔
کرن ساسی دھرن نامی دل جلے نے ورلڈکپ کی ٹرافی شئیر کرتے ہوئے بارش کو عالمی چیمپئن قراردیا،دانش نے لکھا ٹرافی کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے تمام ٹیموں میں برابر تقسیم کردیا جائے۔
سیدنامی صارف لکھتے ہیں عالمی کپ کا فائنل تیز بارش اور ہلکی بارش کے درمیان ہوا جسے تیز بارش نے 62 ملی میٹر سے جیت لیا۔
سات جون کو پاکستان سری لنکا اور دس جون کوویسٹ انڈیز ساؤتھ افریقا میچ بارش کی نذر ہوگئے تھے ۔
چار جون کو سری لنکا افغانستان میچ کے دوران بارش کی وجہ سے اوورز میں کٹوتی کی گئی۔