بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا میں بھی زکا وائرس کے پہلے کیسز سامنے آ گئے
ڈھاکا (ویب ڈیسک) لاطینی امریکا کے ممالک میں تباہی پھیلانے کے بعد ایشیائی ممالک بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا میں بھی زکا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے جس سے خطے میں اس کے پھیلاﺅ کے خدشات نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے ملک میں زکا وائرس کے پہلے متاثرہ مریض کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔
بنگلہ دیشی محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ زکا وائرس کا پہلا شکار ایک 67برس کی عمر کا شخص ہے۔ متاثرہ شخص جنوب مشرقی شہر چٹاگانگ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص نے کبھی بھی بنگلہ دیش سے باہر سفر نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس کے دیگر اہل خانہ میں اس بیماری کی علامات پائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ زکا وائرس نے لاطینی امریکا اور کیریبین کے ممالک کے بہت بڑے حصے کو متاثر کیا ہے۔ قبل ازیں عالمی ادارہ صحت یکم فروری کو ہی زکا وائرس کے پھیلاﺅ پر انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر چکا ہے۔ دوسری جانب ساﺅتھ کوریا میں بھی زکا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
کورین شعبہ صحت کے حکام کے مطابق تینتالیس شخص برازیل کا سفر کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ لاطینی امریکا کے ممالک میں برازیل زکا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ زکا وائرس سب سے زیادہ حاملہ خواتین پر اثرانداز ہوتا ہے۔ اس وائرس کے نتیجے میں بچے چھوٹے سر کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔