Monday, September 26, 2022

بنوں ، اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ، 4 افراد جاں بحق، 35 زخمی

بنوں ، اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ، 4 افراد جاں بحق، 35 زخمی
بنوں (92 نیوز) بنوں میں جے یو آئی (ف) کے رہنماء سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کے انتخابی قافلے پر بم حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ این اے 35 بنوں سے امیدوار اکرم خان درانی بم حملے میں محفوظ رہے۔ خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں نے ایک بار پھر وار شروع کر دیئے ہیں۔ اس بار نشانہ بنایا گیا بنوں میں این اے 35 کے امیدوار سابق وفاقی وزیراکرم درانی کے قافلے کو۔ پولیس کے مطابق اکرم درانی جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کے قافلے میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے لئے ہوید جا رہے تھے کہ چند میٹر کے فاصلے پر موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا۔جے یو آئی (ف) کے رہنماء اکرم درانی حملے میں محفوظ رہے تاہم ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ اکرم خان درانی نے نگران حکومت سے اہم شخصیات کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔اکرم خان درانی پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ 2015 میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی بکاخیل کے علاقہ میں بم حملہ کیا گیا تھا۔ چند روزقبل بھی بنوں میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار ملک شیرین پر بم حملہ ہوا تھا جس میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔