واشنگٹن ( 92 نیوز)امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مشیر ولیم برائن کا کہنا ہے دھوپ میں موجود بالائے بنفشی شعاعوں کا کورونا وائرس پر زبردست اثر دیکھا گیا، موسم گرما میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد امریکی حکام نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ تیز دھوپ کورونا وائرس کو تیزی سے ختم کرتی ہے،لیکن اس تحقیق پر ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مشیر ولیم برائن کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت کا کورونا وائرس پر زبردست اثر دیکھا گیا ہے ، سائنسی اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے ماہرین نے اس تحقیق کے لیے کونسا طریقہ کار استعمال کیا ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ تحقیق میں گرمیوں کی دھوپ کا درست متبادل استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی عہدے دار ڈاکٹر مارگریٹ ہیرس نے کہا ہے کہ اس نظریے کو ثابت کرنے کے شواہد ناکافی ہیں۔ہم یہ امید نہیں کرسکتے کہ موسم گرما میں کورونا وائرس پر کوئی ڈرامائی اثر پڑے گا۔