اسلام آباد: (92 نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے 5 آئی پی پیز کو بند کرنے سے جڑی اہم خبر یہ ہے کہ وفاقی حکومت ان بند کی گئی آئی پی پیز کو 72 ارب روپے کی ادائیگیاں کرے گی۔
وفاقی حکومت نے بند آئی پی پیز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اس ضمن میں بند کی جانے
والی 5 آئی پی پیز کو 72 ارب روپے کی ادائیگیوں کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
حکومت پاکستان نے چند روز قبل ان آئی پی پیز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کابینہ نے 10 اکتوبر کو بند کئے گئے آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی باقاعدہ منظوری دی ہے جبکہ بند کی جانے والے ان 5 پاور پلانٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 2400 میگاواٹ ہے۔
بند کی جانے والی چار آئی پی پیز سے 1994 میں معاہدے کیئے گئے، ایک کے ساتھ 2002 میں معاہدہ ہوا تھا۔ مہنگے اور بند پڑے ان آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے سے حکومت کو بجلی کے نرخوں میں لگ بھگ 65 پیسے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔ جو مجموعی طور پر 65 ارب روپے سالانہ بنتا ہے۔