بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایف سی کے قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت تین اہلکار شہید

پنجگور (92 نیوز) ضلع واشک سے متصل علاقے شنگر میں ایف سی کے قافلے پر حملہ، افسر سمیت تین جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
پنجگور میں ایف سی پر ہونے والے حملے میں لیفٹنٹ کرنل عامر بھی شہید ہوگئے۔ شہداء کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے کے شہداء میں لیفٹنٹ کرنل عامر وحید، نائیک مسعود اور سپاہی عرفان شامل ہیں۔
شہداء کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایف سی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔ دہشت گرد فورسز کی کامیاب کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر چھپ کر حملے کررہے ہیں۔ بچ جانیوالے چند دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔