Monday, January 30, 2023

بلوچستان کے علاقوں ہرنائی،دکی اور زیارت میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش

بلوچستان کے علاقوں  ہرنائی،دکی اور زیارت میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے علاقوں ہرنائی، دکی اور زیارت میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں  گرمی کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔ لاہور اور کراچی سمیت  کئی شہروں میں موسم گرم رہا تاہم بلوچستان اور سندھ کے بعض مقامات پر بادل کھل کر برسے۔ کوئٹہ ،زیارت،سنجاوی، چمن، دکی ،ہرنائی سمیت بلوچستان  کے مختلف شہروں  میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر رہی۔ لاڑکانہ ،قمبر اور شکار پور میں بھی موسم نے انگڑائی لی۔ تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ملتان ،پیر محل ،ہارون آباد سمیت پنجاب کے بعض مقامات پر  بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے  اگلے چوبیس گھنٹے میں خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں  کہیں کہیں جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنائی ہے۔