Saturday, July 27, 2024

بلوچستان کی کوئی تحریک سی پیک کے لئے خطرہ نہیں، چینی سفیر

بلوچستان کی کوئی تحریک سی پیک کے لئے خطرہ نہیں، چینی سفیر
February 3, 2018

لندن (92 نیوز) پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا کہ بلوچستان کی کوئی تحریک سی پیک کے لئے خطرہ نہیں ہے ۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہوگئی ہے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤژینگ نے ایک دفعہ پھر پاک چین دوستی کا حق ادا کر دیا ۔
چینی سفیر نے پاکستان کے خلاف بھارتی اور عالمی پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا اور پاکستان دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے دیا ۔
انٹرویو میں چینی سفیر نے کہا کہ بلوچستان کی کوئی تحریک اب سی پیک کے لئے خطرہ نہیں ہے ۔ وہ سو فیصد پر امید ہیں کہ گوادر بندرگاہ ایک بین الاقوامی تجارتی مرکز بننے کے قریب ہے ۔
چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے لیے پاکستان میں لگ بھگ 10 ہزار چینی باشندے کام کر رہے ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے وہ پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں ۔ سی پیک پہلے مرحلے میں ہے جس میں اب تک 21 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ لگ بھگ 20 مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں ۔ سی پیک کو ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے کے دوسرے ممالک تک پھیلایا جائے گا ۔
پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے چینی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک دونوں ہمسایہ ممالک کےایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لیے بھی کوشاں ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں چینی سفیر نے کہا کہ اُن کے ملک کا افغان طالبان پر اثر و رسوخ نہیں تاہم قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ساتھ رابطے ہیں۔