Saturday, September 21, 2024

بلوچستان میں کانگو سے مرنے والے مریضوں کی تعداد تین ہو گئی

بلوچستان میں کانگو سے مرنے والے مریضوں کی تعداد تین ہو گئی
October 6, 2015
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان میں کانگو کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ‘ دو دن کے دوران تین مریض جان کی بازی ہار گئے۔ شہریوں میں خوف و ہراس جبکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کرنے کے حکومتی دعوے غلط نکلے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ٹی بی سینٹوریم کے وبائی امراض وارڈ میں کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے علاوہ ہمسایہ ملک افغانستان سے کانگو مرض میں مبتلا 14 مریض زیر علاج تھے۔ گزشتہ دو روز کے دوران 3 مریض زندگی کی بازی ہارے جبکہ ان دو دنوں کے دوران مزید تین مریض داخل ہوئے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ مریضوں کے ساتھ آئے رشتے دار ایک طرف اپنے پیاروں کی زندگی بچانے کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہیں تو دوسری طرف ہسپتال کے اخراجات انہیں مزید معاشی مشکلات سے دوچار کئے ہوئے ہیں۔ صوبے میں کانگو مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے مکمل توجہ اور مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔