Thursday, September 19, 2024

نو منتخب ارکان بلوچستان اسمبلی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

نو منتخب ارکان بلوچستان اسمبلی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا
August 13, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان اسمبلی میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سج دھج کر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر راحیلہ حمید درانی نے نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے حلف لیا۔65 ارکان پر مشتمل ایوان میں 58 اراکین نے حلف اٹھایا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیرے نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجاً حلف نہیں لیا ۔ پی بی 35 میں نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت ، پی بی 26 اور پی بی 41 کے نتائج جاری نہ کرنے جبکہ خواتین کی ایک مخصوص نشست کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث یہ نشستیں خالی رہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال کا کہنا تھا کہ تمام اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ حلف برداری کے بعد بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی جانب سے 16 اگست تک کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔