Tuesday, May 7, 2024

بلجیم : نیوایئر پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں دو افراد گرفتار

بلجیم : نیوایئر پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں دو افراد گرفتار
December 29, 2015
بروسلز (ویب ڈیسک) بلجیم کی پولیس نے 2 افراد کو نئے سال کے موقع پر حملے کرنے کے منصوبے کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔ مشتبہ افراد کو بروسلز سمیت فلیمش برابینٹ اور لیگ صوبوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پولیس کو چھاپے کے دوران فوجی وردیاں اور پروپیگنڈا مواد بھی ملا ہے۔ پیرس میں 13 نومبر کو ہونے والے حملے کے بعد سے بلجیم ہائی الرٹ پر ہے جبکہ پیرس حملے کے کئی حملہ آوروں کا تعلق بھی بلجیم سے تھا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تازہ گرفتاریوں کا تعلق پیرس حملوں سے نہیں ہے۔ مشتبہ افراد پر پولیس سمیت بروسلز کے کئی ”علامتی اہداف“ کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا الزام ہے۔ چھاپے کے دوران جو مواد ملا ہے اس میں شام اور عراق میں موجود جنگجو گروپ داعش کا پروپیگنڈا مواد شامل ہے۔ چندروز قبل بھی یورپی ملک آسٹریا کی پولیس نے دہشت گردی کی یورپ میں کارروائی کی خبر دی تھی جس پر آسٹریا سمیت پورے یورپ کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔