نواب شاہ (92نیوز) تحریک انصاف کےرہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پیپلزپارٹی حکومت کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اگر بلاول بھٹو نےحکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا تو پی ٹی آئی ان کا ساتھ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے دورے پر آئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی پیپلزپارٹی پر برس پڑے۔ نواب شاہ میں نائنٹی ٹو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے صاف کہہ دیا کہ پیپلزپارٹی مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہے۔ شاہ محمود نے جہاں پیپلزپارٹی سےایک شکوہ کیا وہیں ایک بڑا اعلان بھی کر دیا۔
انہوں نے کہا پیپلزپارٹی نے ہمارا ساتھ نہ دیا لیکن اگر پی پی نے نواز حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا تو پی ٹی آئی ان کا ساتھ دیگی۔ نئے آرمی چیف کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیں اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہو گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ پانامہ لیکس پر ہمارے حق میں آتا ہے تو 2017 الیکشن کا سال ہو گا۔ انہوں نے نواب شاہ کے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور اپنے مریدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔