Thursday, October 6, 2022

بلاول بھٹو کی وزیر اعظم کے جلد مستعفی ہونے کی پیشگوئی

بلاول بھٹو کی وزیر اعظم کے جلد مستعفی ہونے کی پیشگوئی
اسلام آباد (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے جلد مستعفی ہونے کی پیشگوئی کردی، کہتے ہیں وزیر اعظم نے پارلیمان کو تالا لگا کر اور نیب کو اپنا کھلونا بنا کر جمہوری قوتوں کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا۔ عوام نے باہر نکل کر پیغام دیا کہ نا اہل وزیر اعظم ملک نہیں چلا سکتا، بیماری کے باوجود سابق صدرآصف زرداری کا حوصلہ بلند ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ آزادی مارچ میں شرکت کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ وزیراعظم کے جانے کی بات پر عوام نکل رہی ہے، مسائل ضرور ہیں لیکن تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے، پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدیدار جگہ جگہ آزادی مارچ کا استقبال کررہے ہیں۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی ہمیشہ یہ کوشش رہے گی کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے، حکومت نے جمہوری قوتوں کو بھی انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو طبی سہولیات کا حق ملنا چاہئے، ہم چاہتے ہیں ہمارے ڈاکٹرز کو آصف زرداری کے علاج معالجے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو سزا ہونے کے بعد نیب نے حراست میں لیا، آصف زرداری کو کسی جرم کے بغیر نیب نے حراست میں لے رکھا ہے؟، زرداری بے شک اسپتال میں ہیں لیکن وہ عمران خان کے قیدی ہیں، اس صورت میں ہم نہیں سمجھتے کہ انہیں ان کا حق ملے گا۔ بلاو ل بھٹو کہتے ہیں کہ کافی دیر سے کوشش کر رہے ہیں نیب کے ڈاکٹرز کی ایڈوائس پرعلاج کروایا جائے، ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ کے کہنے کے باوجود عمل نہ ہوا تو ہم عدالت گئے، حکومت پر اعتماد نہیں کر سکتا، علاج پر مطمئن نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کو نجی ڈاکٹر تک رسائی دی جائے جس طرح نوازشریف کو دی گئی ہے۔