Saturday, July 27, 2024

بلاول بھٹو کی رائیونڈ میں مریم نواز سے ملاقات، حکومت مخالف حکمت عملی پر غور

بلاول بھٹو کی رائیونڈ میں مریم نواز سے ملاقات، حکومت مخالف حکمت عملی پر غور
February 25, 2021

لاہور (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملنے رائیونڈ پہنچے۔ ملاقات میں حکومت کیخلاف شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

لاہور کی سیاست جوبن پر ہے، بلاول بھٹو نے بھی ڈیرے جمالئے۔ رائیونڈ  پہنچنے پر مریم نواز نے خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید کے ہمراہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

ملاقات میں حکومت کیخلاف شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی زیرغور آئی، سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔

میڈیا گفتگو میں مریم نواز بولیں بلاول بھٹو، یوسف رضا گیلانی اور پی پی کے وفد کا شکریہ ادا کرتی ہوں وہ میرے پاس آئے، یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، ن لیگ ان کی حمایت کررہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا، حکمران مہنگائی، عوام کی مشکلات کے ذمہ دار ہیں، اُمید ہے ہر جمہوریت پسند جس کا تعلق حکمران جماعت یا کسی بھی جماعت سے ہو وہ تحریک انصاف کوووٹ نہیں دے گا۔ ان کی اسپورٹ ختم ہوتی نظر آرہی ہے، پارٹی کے اندر ہر صوبے میں بغاوت ہوچکی ہے۔

اُنہوں نے کہا، آئین میں کوئی بھی ترمیم لانی ہے تو یہ پارلیمنٹ کا کام ہے، ترمیم لانی ہے تو پارلیمنٹ کے ذریعے آئے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا، شکر الحمدللہ ڈسکہ کے عوام کا حق ان کو واپس مل گیا۔ ‏نواز شریف کے بیانیے کی گونج پورے ملک میں سنائی دے رہی ہے، ووٹ کو عزت دو۔

ادھر بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، مریم نواز کے پاس رائے ونڈ آئے ہیں،  سینیٹ الیکشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے، یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، نوازشریف، شہبازشریف اور پوری مسلم لیگ ن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اعتماد کیا۔ عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ ہر ممبر کے لیے امتحان ہے۔

اُنہوں نے کہا، سب کی نظریں 3 مارچ پر ہیں۔ حکومت کو ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی ہے۔ سینیٹ میں بھی ملکر چیلنج کریں گے اور جمہوریت کو بحال کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا پی ڈی ایم کا مقصد ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو بحال کریں۔ ہم الیکشن لڑ رہے ہیں، ہر ممبر سے رابطہ کر رہے ہیں، ووٹ مانگ رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خورشید شاہ اور شہباز شریف کو رہا کیا جائے۔