Tuesday, September 27, 2022

بلاول بھٹو زرداری کی آصف زرداری سے ناراضی ختم ،والد کے ساتھ دوبئی سے کراچی پہنچ گئے،ساڑھے سات بجے قائم علی شاہ کو بلاول ہاؤس طلب کر لیا

 بلاول بھٹو زرداری کی آصف زرداری سے ناراضی ختم ،والد کے ساتھ دوبئی سے کراچی پہنچ گئے،ساڑھے سات بجے قائم علی شاہ کو بلاول ہاؤس طلب کر لیا
کراچی(92نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی اپنے والد آصف زرداری سے ناراضی ختم ہوگئی ہے تقریباً سات ماہ کے عرصہ کے بعد اپنے والد کے ہمراہ دوبئی سے کراچی پہنچ گئے ہیں ۔اس موقع پر بلاول بھٹو کی  ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔ کراچی کے پرانے ایئرپورٹ پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ان کا استقبال کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک کے ریاض کے طیارے پر دوبئی سے کراچی کے پرانے ایئرپورٹ پرپہنچے ۔ بلاول بھٹو کی آمد پر پرانے ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ بلاول بھٹو کو پولیس کمانڈوز کی سخت سکیورٹی میں بلاول ہاؤس پہنچا دیا گیا ہے جہاں بلاول نے ساڑھے سات بجے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو طلب کر لیا ہے ۔ مزید برآں کے پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی رپورٹ خیبر پختونخوا کے صدر خان زادہ سے طلب کر لی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ  کے پی کے کے بعد پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو ایک بار پھر متحرک کرنے کےلئے بلاول بھٹو پنجاب اور سندھ کے ہنگامی دورے کریں گے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری رمضان المبارک کے مہینے میں لاہور میں ڈیرے ڈالیں گے ۔