Saturday, July 27, 2024

بلاول بھٹو زرداری نے پھر پرویز مشرف کو اپنی والدہ کا قاتل قرار دیدیا

بلاول بھٹو زرداری نے پھر پرویز مشرف کو اپنی والدہ کا قاتل قرار دیدیا
April 19, 2018
لندن (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بارپھر پرویز مشرف کو اپنی والدہ کا قاتل قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف پر نہ صرف ان کی والدہ بلکہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان پر بمباری اور قتل کا الزام بھی ہے ، وہ غداری کے بھی مرتکب ہوئے ۔ بی بی سی نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان انتہا پسندی کے خلاف صرف فوجی حل پر توجہ دے رہا ہے ۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے وسیع حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو چیلنج کرنے والوں اور اس کے خلاف ہتھیار اُٹھانے والوں سے عسکری طور پر نمٹنا چاہئیے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کسی حد تک تمام سیاسی جماعتوں کا خاندانی سیاست پر انحصار ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے خاندانی سیاست کا راستہ خود اپنی مرضی سے منتخب نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ اگر میرے نانا اور والدہ کو قتل نہ کیا جاتا تو میں اب بھی طالب علم ہوتا ۔ انٹریو میں پارٹی عہدوں سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے فیصلے وہ اور ان کے والد نہیں بلکہ سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی طے کرتی ہے تاہم اُنہیں وزیراعظم بننے کی خواہش ہے ۔