کراچی(92نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سانحہ کارساز کے شہدا کی یادگار پر حاضر ہوئے، فاتحہ پڑھی اور چار منٹ بعد ہی بلاول ہاوس روانہ ہوگئے ۔
تفصیلات کےمطابق سانحہ کارساز کی آٹھویں برسی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی سے خاص طو ر پر تشریف لائےیادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ پڑھی اور مختصر وقت کےبعد ہی روانہ ہوگئے،بلاول بھٹو کے ہمراہ انکی ہمشیرہ بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو بھی تھیں ۔
پیپلزپارٹی کی قیادت کی حفاظت کے لیے پولیس کمانڈوز کے ساتھ لیڈی کمانڈوز بھی موجود تھیں۔ سیکیورٹی کے پیش نظر کارکنان کو پارٹی کی اعلی قیادت اور شہدا کی یادگار سے دور رکھا گیا ۔
وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور سینئر وزیر اطلاعات نثار کھوڑو سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔