Saturday, July 27, 2024

بلائنڈ ورلڈ ٹی20: پاکستان نے بھارت کو ہرا کر مسلسل تیسرا میچ جیت لیا

بلائنڈ ورلڈ ٹی20: پاکستان نے بھارت کو ہرا کر مسلسل تیسرا میچ جیت لیا
February 1, 2017

دہلی (ویب ڈیسک) پاکستان نے بلائنڈ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس نے دو سو پانچ رنز کا ہدف سولہویں اوور میں حاصل کر لیا۔ محمد ظفر نے ناقابل شکست اٹھاسی رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے بلائنڈ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی۔  دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستانی بلائنڈ ٹیم نے دو سو پانچ رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر سولہویں اوور میں حاصل کر لیا۔

محمد ظفر نے باون گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے اٹھاسی رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ اوپنر نثار علی بھی پینتالیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسرار حسن بھی اکیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

محمد اکرم پانچ اور انیس جاوید چار رنز بنا پائے۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر دو سو چار رنز بنائے تھے۔ بھارت کی طرف سے پرکاش نے نوے اور وینکاتیسورا نے تریپن رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کے محمد اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اپنا چوتھا میچ کل سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم پہلے دو میچوں میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو شکست دے چکی ہے۔ ایونٹ کے دوسرے میچوں میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹ، بنگلہ دیش نے نیپال کو انسٹھ رنز اور سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ایک سو تیس رنز سے ہرا دیا۔