بغداد: متعدد شہروں میں کار بم دھماکے، ستاون افراد ہلاک، درجنوں زخمی
بغداد (ویب ڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد سمیت متعدد شہروں میں کار بم دھماکوں میں ستاون افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
سب سے بڑا حملہ دارالحکومت بغداد سے اسی کلومیٹر دور آل خالص شہر کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں کیا گیا جس میں کم ازکم پنتیس افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے سیکیورٹی اہلکاروں سے ادویات خریدنے کیلئے فارمیسی کے قریب گاڑی پارک کرنے کی درخواست کی۔
دہشتگردوں نے دوسرا دھماکا بغداد کے شمال میں واقع ضلع حسینیہ میں کیا، اس دھماکے میں بارہ افراد کی جان گئی۔ تیسرا دھماکا بصرہ شہر سے پندرہ کلومیٹر دور آل زبیر قصبہ کی مارکیٹ میں کیا گیا جہاں دھماکے سے آگ بھڑک اُٹھی اور آگ نے مارکیٹ کے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اہل علاقہ اور امدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔