Friday, December 9, 2022

بغداد:شیخ عبدالقادرجیلانی کے 877ویں عرس کی تقریبات شروع ہوگئیں

بغداد:شیخ عبدالقادرجیلانی کے 877ویں عرس کی تقریبات شروع ہوگئیں

 بغداد(92نیوز)غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے آٹھ سو ستترویں(877) عرس کی تقریبات عراق کے دارالحکومت بغداد میں شروع ہو گئیں۔ عرس میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی جبکہ نوجوانوں نےپیرانِ پیر سے اپنی بھر پور محبت کا اظہار عربوں کے روایتی انداز سے کیا۔  

تفصیلات کےمطابق حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کی مرکزی  تقریب بغداد میں ہوئی۔ تقریب کا آغاز مغرب کے بعد ہوا اس موقع پر چادر پوشی اور اجتماعی دعا کی گئی ۔ عرس کے سلسلے میں مزار پر چراغاں کیا گیا ہےجبکہ عراق اور عرب ممالک  سمیت دنیا  بھر سے لاکھوں زائرین بغداد آئے ہوئے تھے جو اپنے اپنےانداز میں عقیدت کا اظہار کرتے رہے ۔  مزار مبارک کے احاطے میں علما کرام آپ رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے رہے جبکہ   بڑی تعداد میں عقیدت مند علم و عرفان کے موتی چننے کے لئے موجود تھےعرس  کی مرکزی  تقریب میں عراقی حکام اور عمائدین نے بھی شرکت کی ۔ شیخ عبدالقادر جیلانی یکم  رمضان المبارک  470 ہجری  کو عراق کے شہر گیلان میں پیدا ہوئے آپ سلسلہ  قادریہ  کے بانی ہیں ان کاتعلق جنید بغدادی کے روحانی سلسلے سے ملتا ہے۔ شیخ عبدالقادر جیلانی کی خدمات و افکارکی وجہ سے  انہیں غوثِ الاعظم دستگیر کاخطاب دیا گیا آپ  کا وصال  گیارہ  ربیع الثانی 561 ہجری میں ہوا  جبکہ  تدفین بغداد میں آپ کے مدرسے میں ہی کی گئی جو سارا سال مرجع خلائق رہتا ہے ۔