Saturday, July 27, 2024

بشارالاسد نے تاریخی شہر پالمیرا پر فوج کے انتظام سنبھالنے کواہم پیشرفت قرار دیدیا

بشارالاسد نے تاریخی شہر پالمیرا پر فوج کے انتظام سنبھالنے کواہم پیشرفت قرار دیدیا
March 27, 2016
دمشق (ویب ڈیسک) شامی صدر بشارالاسد نے پالمیرا شہر پر فوج کی جانب سے دوبارہ انتظام سنبھالنے کواہم پیش رفت قراردے دیا۔ پالمیر اپر داعش کے جنگجو ایک سال تک قابض تھے۔ تفصیلات کے مطابق خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں حکومتی فورسز کی گرفت مضبوط ہونے لگی۔ شام کے صدر بشارالا سد نے پالمیرا پر سرکاری فوج کے قبضے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کی شکست شامی افواج اور اس کے اتحادیوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی شامی تنظیم کا کہنا ہے کہ فوجی مہم کے تحت شدت پسند گروپ کے قبضے سے پالمیرا پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے یہ ابھی تک کی شدید ترین جنگ تھی اور جنگجو پسپا ہو چکے ہیں۔ شامی وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ روسی فضائیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 40 مشن بھجوائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی میں شدت پسند گروپ نے پالمیرا پر قبضہ کر لیا تھا اور آثار قدیمہ کو نقصان پہنچایا تھا جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔