Saturday, July 27, 2024

بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے پنجاب میں بزنس ڈیسک قائم

بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے پنجاب میں بزنس  ڈیسک قائم
November 13, 2018
لاہور (92 نیوز) چیئرمین نیب کی ہدایت پر بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے پنجاب میں بزنس ڈیسک قائم کر دیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے دوسرے روز بھی نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کیسز پر تحقیقات اور اہم پیش رفت پر بریفنگ دی۔ پاکستان بزنس کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے مرکزی نمائندگان نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے چیئرمین نیب سے ملاقات کی۔ ایسوسی ایشن کی جانب سےنیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تاہم بزنس کمیونٹی میں موجود کرپٹ عناصر کو منظرعام پر لانے کے لئے بھرپور مدد کی پیش کش بھی کی گئی۔ چیئرمین نیب نے وفد کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے اس تاثرکی نفی کی کہ نیب کی وجہ سےمعیشت پر برےاثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور دیگرعوامل معیشت پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ جب کسی سے پوچھا کہ پانچ ہزار کے کام پر پچاس ہزار روپے کیسے خرچ ہوئے تو سب نیب کے خلاف اکٹھے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا سیاست سے تعلق نہیں۔ نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفاد کے لئے کام کر رہا ہے۔ چئیرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی ہدایت پر بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے نیب  پنجاب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر  خاور الیاس کی سربراہی میں بزنس ڈیسک تشکیل دے دیا گیا۔