Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

برہان وانی کی شہادت سے اب تک 515 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا

برہان وانی کی شہادت سے اب تک 515 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا
February 5, 2018

سری نگر ( 92 نیو ز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، نوجوان حریت پسند برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک قابض فوجی 515 نہتے کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے ، پیلٹ گن کے ظالمانہ استعمال سے تہتر کشمیری مکمل نابینا ہوچکے ہیں ۔

کشمیر میڈیا سروس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے نئی رپورٹ جاری کی ہے ، جس کے مطابق نوجوان حریت پسند برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں میں آزادی کا نیا جذبہ پیدا ہوا ہے  جسے دبانے کیلئے بھارتی فوج تشدد کے نئے حربے استعمال کررہی ہے ۔

آٹھ جولائی 2016 سے اب تک قابض فوج 515 نہتے کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے ، جن میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔

برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج نے آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے پیلٹ گن کا استعمال شروع کیا جس کی زد میں آکر 20 ہزار 935 کشمیری زخمی ہوئے ۔

پیلٹ لگنے سے 73 کشمیریوں زندگی بھر کیلئے نابینا ہوچکے ہیں جبکہ 11 ہزار 864 کی بینائی ختم ہونے کا خدشہ ہے ۔

ظلم کی یہ داستان یہیں پر ختم نہیں ہوتی رپورٹ کے مطابق 8 جولائی 2016 سے اب تک قابض فوج 757 کشمیری خواتین کی بے حرمتی کرچکی ہے۔

بھارتی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے بہانے  11 ہزار کشمیریوں کو حراست میں لیا، ان کارروائیوں میں رہائشی مکانات اور دکانوں سمیت 65 ہزار 815 عمارتوں کو بھی تباہ کردیا ۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 1989 سے اب تک بھارتی فوج 94 ہزار 907 مظلوم کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے ۔