Friday, December 1, 2023

برکس کی اعلامیہ میں دہشت گردی مذمت، کالعدم لشکر طیبہ اور جیش محمد کا ذکر

برکس کی اعلامیہ میں دہشت گردی مذمت، کالعدم لشکر طیبہ اور جیش محمد کا ذکر
September 5, 2017

شيامین (92 نیوز) دنیا کی پانچ اہم ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس نے لشکر طیبہ اور جیش محمد کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

چین میں ہونیوالی برکس کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں تنظیم کے پانچوں ارکان چین، انڈیا، برازیل، روس اور جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد، ان کا انتظام کرنے یا حمایت کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔

مشترکہ اعلامیے میں ایسی تنظیموں کی سخت مذمت کی گئی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔

تینتالیس صفحات پر مشتمل اعلامیے میں افغانستان میں فوری طور پر جنگ بندی پر زور دیا گیا۔ برکس ممالک نے خطے میں بدامنی اور طالبان، داعش، القاعدہ اور اس کے ساتھی گروہوں مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، حقانی نیٹ ورک، کالعدم ٹی ٹی پی اور حزب التحریر کی وجہ سے ہونے والے فسادات کی مذمت کی۔

تنظیم نے اس بات کو دہرایا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ کرنا اولین طور پر ریاست کی ذمہ داری ہے اور بین الاقوامی معاونت کو خود مختاری اور عدم مداخلت کی بنیادوں پر فروغ دینا چاہیے۔