Wednesday, September 18, 2024

بروقت الیکشن میں ہی جمہوریت کی بقا ہے ، شہباز شریف

بروقت الیکشن میں ہی جمہوریت کی بقا ہے ، شہباز شریف
May 31, 2018
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان اسمبلی سے پاس کی گئی قرارداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت الیکشن میں ہی جمہوریت کی بقا ہے۔ ملاقات کے لئے آنے والے لاہور پریس کلب کے عہدے داروں سے بات چیت میں مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر بھی بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن وقت پر کروائیں ۔ شفاف الیکشن ہی  پاکستان کی بقا کی واحد ضمانت ہے۔ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں اس کے لئے سب آواز اٹھائیں ۔ پانچ سال میں کون سی حکومتوں نے کام کیا ؟کسی نے وقت ضائع کیا اس کا فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے ،پچیس جولائی کواس کافیصلہ ہوجائے گا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پنجاب کے ہر شعبے میں ہم نے اسپورٹس کمپلیکس بنائے ہیں جو کچھ ہیلتھ کے میدان میں ان پانچ سال میں ہوا یہ ستر سال میں نہیں ہوا۔ شدید گر می میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہو نے کے برابر ہے۔ اندھیرے ختم کر کے ہم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ آج سیاسی مخالفین اپنا نام بدلیں یا میں اپنا نام بولوں۔ شہباز شریف نے سیاسی مخالفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور بولے مخالفین سندھ میں اور کے پی کے میں کچھ ہی کر لیتے ،انہوں نے قوم کاقوت ضائع کیا۔ شہبازشریف نے کہا نگران وزیر اعلی کا نام واپس لینا اُن کا ایک اور  یوٹرن ہے۔ عمران خان دن رات یو ٹرن مارتے ہیں۔ یوٹرن لینا ان کا وطیرہ ہے۔ ہم نے باہمی مشاورت سے نام دے دئیے تھے اب نام گورنر کے پاس ہیں۔ ہم  نے جسٹس ریٹائر ڈسائر علی اور طارق سلیم ڈوگر کا نام دیا تھا۔