Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

برطانیہ پھر پاکستانی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز، وزیراعظم نوازشریف کل، عمران خان پرسوں سے لندن یاترا کرینگے

برطانیہ پھر پاکستانی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز، وزیراعظم نوازشریف کل، عمران خان پرسوں سے لندن یاترا کرینگے
April 12, 2016
لندن (نائنٹی ٹو نیوز) برطانیہ پھر پاکستانی سیاسی سرگرمیوں کا مرکزبن گیا۔ لندن میں مقیم سابق صدر آصف علی زرداری پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے صاحبزادے حسین نواز بھی لندن پہنچ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان بھی لندن یاترا کی تیاری میں ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف  کے صاحبزادے حسین نواز لندن، دبئی اور سعودی عرب سے ہوتے ہوئے لندن پہنچیں گے۔ پاناما لیکس کے بعد حسین نواز کی لندن یاترا سیاسی حلقوں میں خاصی معنی خیز سمجھی جا رہی ہے۔ وزیراعظم بھی اپنے طبی معائنے کیلئے کل لندن روانہ ہوں گے۔ پاناما لیکس پر حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کرنے والے پی ٹی آئی  چئیرمین عمران خان جمعرات سے لندن یاترا پر جائیں گے اور مختلف سرگرمیوں کے لئے چار روز تک ادھر ہی قیام کریں گے۔ لندن میں ہونے والی اس سیاسی گرما گرمی کی تپش عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کے گھر تک بھی پہنچے گی کیونکہ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے  جمائما خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا  ہے اور انہیں اس کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی اُس روز  وہیں موجود ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے اہم عہدیداران برطانیہ میں آج اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا بھی لندن میں پریس کانفرنس کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سیاسی  گرما گرمی میں پیپلزپارٹی بھی سرگرم ہے۔ پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری پہلے ہی لندن میں مقیم ہیں اور پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔