برطانوی شہزادہ ہیری آج 35 برس کے ہو گئے

لندن ( 92 نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری آج 35 برس کے ہو گئے ، آج ان کی 35 ویں سالگرہ ہے ، برطانوی تاج وتخت کے وارثوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجودپرنس ہیری کے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں لاکھوں مداح ہیں۔
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے پوتے،پرنس چارلس اور آنجہانی لیڈی ڈیانا کے صاحبزادے برطانوی شہزادہ ہیری آج اپنی 35ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
پرنس ہیری کئی تنازعات کا شکار رہے ، والدہ کی وفات کے بعد نشے کی لت میں مبتلا رہے، 2005 میں نازی یونیفارم پہننے پر انہیں تنقید سہنی پڑی تاہم ان واقعات کے بعد پرنس ہیری نے اپنا امیج بدلنے کی سنجیدہ کوششیں کیں اور خود کو خیراتی کاموں میں مصروف کرلیا۔
سال 2006میں فوجی تربیت مکمل کرنے کے بعد وہ برطانوی فوج کا حصہ بنے،2007میں انہوں نے عراق میں برطانوی فوج کے ساتھ خدمات سرانجام دینا تھیں تاہم شدت پسندوں کی جانب سے اغواء کی دھمکیوں کے بعد یہ پلان تبدیل کردیا گیا۔سال 2008 اور 2012میں انہوں نے افغانستان میں فوجی ڈیوٹی دی
پرنس ہیری نے 19مئی 2018کو اپنے سے عمر میں بڑی امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی ، دونوں کے ہاں رواں سال مئی میں ننھے شہزادے ہیریسن ماؤنٹ بیٹن نے جنم لیا ۔