Saturday, July 27, 2024

برطانوی رائل ملٹری اکیڈمی کورس میں پاکستانی میجر عمرفاروق کی پلاٹون بہترین قرار

برطانوی رائل ملٹری اکیڈمی کورس میں پاکستانی میجر عمرفاروق کی پلاٹون بہترین قرار
August 11, 2018
لندن (92 نیوز)برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی  کے ایک سو تہترویں کمیشن کورس میں پاکستانی میجر عمرفاروق ملک کی پلاٹون کو بہترین قرار دیا گیا۔ ملکہ برطانیہ کی طرف سے تعریفی سرٹیفیکٹ سے بھی نوازا گیا اور اکیڈمی کے آنر بورڈ پر نام بھی درج کر دیا گیا ۔ برطانیہ میں ملٹری کی قدیم درسگاہ  کا اعزاز رکھنے والی قدیم سینڈ ہرسٹ میں واقع رائل ملٹری اکیڈمی میں ہونے والی پاسنگ آوٹ کی پروقار تقریب میں پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان اور اعلی فوجی شخصیات نے شرکت کی۔ اکیڈمی میں ہونے والے ایک سو تہتر ویں کمیشن کورس کی آٹھ پلاٹونوں میں سے ایک کی کمانڈ پاکستان فوج کے میجر عمر فاروق کر رہے تھے اور کورس کے اختتام پر ان کی پلاٹون کو کورس کی بہترین پلاٹون کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اسی کورس میں دو مزید پاکستانی فوجیوں علی نوازش اور ولی احمد خان نے بھی پاس آوٹ کیا۔ اس موقع پر رائل ملٹری اکیڈمی میں موجود پاکستان کے ہائی کمشنر اور دیگر اعلی افسران کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج پہلے ہی دنیا کی بہترین فوج کا اعزاز کئی مرتبہ حاصل کر چکی ہے اور انفرادی سطح پر بھی پاکستانی فوجی دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کر رہے ہیں۔ رائل ملٹری اکیڈمی میں موجود فوجی افسران کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ اس پادنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں دنیا کے کئی ممالک کی اعلی فوجی افسران موجود ہیں اور ایک مرتبہ پھر پاکستان فوج کے جوانوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں پاکستان کے دو کیڈٹس علی نوازش اور علی احمد خان نے بھی رائل ملٹری اکیڈمی اے گریجویشن پاس کی ۔