Friday, January 28, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

برسبین ٹیسٹ کے مرد میدان اسد شفیق کی شاندار سنچری پر قومی ٹیم کا جشن

برسبین ٹیسٹ کے مرد میدان اسد شفیق کی شاندار سنچری پر قومی ٹیم کا جشن
December 19, 2016

برسبین (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف زبردست فائٹ بیک کرنے پر گرین کیپس نے اسد شفیق کے اعزاز میں کیک کاٹا۔ کھلاڑیوں نے اسدشفیق کو برسبین ٹیسٹ میں اچھے کھیل پرمبارکباد بھی پیش کی۔ اسد شفیق نے برسبین ٹیسٹ کو جیت کے راستے پر تو ڈالا لیکن اکیلی جان کیا کرتی، وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں انتالیس رنز سے شکست ہو گئی۔

اسد شفیق چھٹے نمبر پر کھیلتے ہوئے نو سنچریاں بنانے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹرز بن گئے۔ برسبین میں پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ یونس خان اور اظہر علی کی مزاحمت کے بعد مصباح الحق ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ پھر آئے میدان میں اسد شفیق اور رنز بنانے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی۔ باقی دو سو ستر رنز کا دریا انہیں باؤلرز کی مدد سے عبور کرنا تھا، کام تو مشکل تھا لیکن باؤلرز نے بھی اسد کا بھر پور ساتھ دیا۔ سب سے پہلے اسد شفیق کا ساتھ دینے محمد عامر میدان میں اترے اور اڑتالیس رنز بنائے۔

محمد عامر کے آؤٹ ہونے پر وہاب ریاض آئے اور تیس رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اسد شفیق کے ساتھ آٹھویں وکٹ میں چھیاسٹھ رنز کی شراکت قائم کی۔ پھر باری آئی یاسر شاہ کی۔ جادوگر باؤلر نے بھی اسد شفیق کا خوب ساتھ نبھایا۔ دونوں نے اکہتر رنز بنائے تاہم اس موقع پر اسد شفیق ایک سو سینتیس کے انفرادی اسکور پر مچل سٹارک کا شکار بن گئے۔

اسد شفیق آؤٹ ہوئے تو رہی سہی امید بھی دم توڑ گئی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ساتویں، آٹھویں اور نویں وکٹ کی شراکت میں پچاس سے زائد اسکور بنا ہو۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے زبردست فائیٹ بیک کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسی مثالیں کم ہی دیکھنے میں آتی ہیں۔