برتن دھونے سے ذہنی دباﺅ کم ہوتا ہے: ماہر نفسیات
واشنگٹن (ویب ڈیسک) گھر کے روزمرہ کام کاج کو عام طور پر اکتا دینے والا اور مشقت بھرا خیال کیا جاتا ہے لیکن ایک نئی تحقیق بتاتی ہے کہ گھریلو کام کاج خاص طور پر برتن دھونے کو ذہنی دباو کم کرنے کی ایک غیررسمی مشق کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جس سے الجھے اور تھکے ہوئے دماغ کو آرام پہنچایا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلوریڈا سٹیٹ یونیورسٹی کے تحقیق کاروں نے برتن دھونے کو ”مائنڈ فل نیس“ یا ایک قسم کے مراقبے کی مشق کے ساتھ منسلک کیا ہے جو سوچ اور خیالات پر توجہ مرکوز رکھنے کی ایک مشق ہے یا اپنی سوچوں سے آگاہی حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہے۔
تحقیق کے سربراہ ماہر نفسیات ڈاکٹر ایرک سیگمین نے کہا کہ برتن دھونے کی مشقت کا احساس دراصل ایک سادہ سے کام کو مکمل کر کے حاصل ہونے والی کامیابی کے احساس کے ساتھ مل کر ہمیں اچھا احساس دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ برتن دھونے کے کام کو روایتی طور پر اکتا دینے والا اور مشقت کا کام سمجھا جاتا ہے لیکن یہ ایک مصروف دن کے اختتام پر ذہنی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے ایک موثر طریقے کے طور پر کام کرسکتا ہے۔