Saturday, July 27, 2024

برازیل : ایوان زیریں میں صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی قرارداد منظور

برازیل : ایوان زیریں میں صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی قرارداد منظور
April 18, 2016
ریوڈی جنیریو (ویب ڈیسک) برازیل کے ایوان زیریں میں صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی قرارداد تین چوتھائی اکثریت سے منظور کرلی گئی ہے۔ اب معاملہ سینیٹ میں جائیگا جہاں اپوزیشن کی کامیابی کی صورت میں ڈلما کو صدارت سے ہٹاکر ان کیخلاف آئین سے انحراف کا مقدمہ چلے گا۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کی حکمران جماعت ایوان زیریں میں صدر کے مواخذے کی راہ روکنے میں ناکام رہی ہے اور اپوزیشن مواخذے کیلئے تین سو بیالیس سے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ اپوزیشن کی یہ کامیابی برازیل میں بائیں بازو کے تیرہ سالہ اقتدار کے خاتمے کی جانب پہلا قدم قرار دی جارہی ہے۔ تین دن سے جاری اجلاس میں تمام ارکان کو خطاب کا موقع دیا گیا جس کے بعد ووٹنگ سے پہلے ایوان میں شدید ہنگامہ ہوا اور پارلیمان میدان جنگ بنا رہا اور پارلیمنٹ کے باہر بھی صدر ڈلما کی حمایت اور مخالفت میں مظاہرے ہوئے۔ حکمران جماعت نے ایوان میں شکست تسلیم کرلی ہے۔ سینیٹ میں حکمران ورکرز پارٹی کے پارلیمانی رہنما نے کہا ہے وہ اب سینیٹ میں صدر کو عہدے سے ہٹانے کی تحریک ناکام بنانے پر توجہ دیں گے اور اب جنگ سینیٹ میں ہو گی۔ پولیس نے ایوان کی حفاظت اور مظاہرین کے درمیان تصادم روکنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے۔ ایوان بالا آئندہ ماہ مواخذے کی تحریک پر کارروائی کریگا۔