Saturday, July 27, 2024

بدین کے قدیمی لاڑ میوزیم سے قیمتی نوادرات چوری

بدین کے قدیمی لاڑ میوزیم سے قیمتی نوادرات چوری
February 9, 2016
بدین (92نیوز) بدین کی لاڑ میوزیم سے قیمتی نوادرات چوری‘ میوزیم میں رکھی جانے والی قدیم اور نایاب اشیاءکا ریکارڈ بھی غائب کر دیا گیا جبکہ متعدد قدیم و نایاب اشیا کی گمشدگی کے معاملے پر انتظامیہ نے بھی خاموشی اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بدین سمیت زیریں سندھ کی قدیم تہذیب و ثقافت کو صدیوں پرانی اشیاءکے ذریعے روشناس کرانے والے لاڑ میوزیم سے نایاب قدیم اشیاءکی گمشدگی کا انکشاف ہوا ہے۔ لاڑ میوزیم کے ذرائع کے مطابق لاڑ میوزیم میں رکھے جانے والے کلہوڑا اور تالپور حکمرانوں کے زیراستعمال دو قدیم بندوقیں ،دو تلواریں ،قیمتی نگینوں والے پتھر ،قیمتی پتھروں کی مالائیں ،مورتیاں اور دیگر اشیاءبتدریج گم ہو گئی ہیں۔ یہ نایاب اشیاءمیوزیم میں کچھ سال قبل تک نمائش کے لئے رکھی ہوئی تھیں جن کا اب کوئی پتہ نہیں ہے۔ رابطہ کرنے پر لاڑ میوزیم کے ڈائریکٹر پروفیسر عبداللہ ملاح نے بتایا کہ میوزیم کی اشیاءکا ریکارڈ ہونا چا ہئے مگر جب انہوں نے اپنے عہدہ کا چارج لیا تھا تو انہیں لاڑ میو زیم کی قدیم اشیاءکا کوئی تحریری ریکارڈنہیں ملا تھا مگر انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ریکارڈ جمع کرنا شروع کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاڑ میوزیم کا بجٹ ہی نہیں ہے اور جو ملازمین ہیں انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملی ہیں۔