Saturday, July 27, 2024

بحری مشق امن 19 کی ابتدائی منصوبہ بندی کانفرنس،25سے زائد ممالک کے نمائندگان کی شرکت

بحری مشق امن 19 کی ابتدائی منصوبہ بندی کانفرنس،25سے زائد ممالک کے نمائندگان کی شرکت
August 7, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز)پاک بحریہ کی جانب سے اسلام آباد میں بحری مشق امن19کی ابتدائی منصوبہ بندی کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا  ۔ امن مشقوں کے سلسلے کی چھٹی مشق امن 19، سال 2019کے اوائل میں کراچی میں منعقد ہوگی۔ مشق کی ابتدائی منصوبہ بندی کانفرنس میں 25سے زائد ممالک کے 36 سے زائد نمائندگان نے شرکت کی اور امن 19 مشق کی منصوبہ بندی اور تیاری کے مراحل کا آغاز کیا۔ کانفرنس کے دوران مشق کے ہاربر اور سی فیزکی سر گرمیوں پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا گیا جن کو دسمبر 2018میں ہونے والی فائنل پلاننگ کانفرنس میں حتمی شکل دی جائے گی۔ پاک بحریہ سال 2007سے تسلسل کے ساتھ امن مشقوں کے انعقاد و میزبانی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ ابتداءسے اب تک امن مشق میں عالمی بحری افواج کی شرکت میں اضافہ ہوتا رہا۔ امن 2017مشق میں ہم آہنگ 36عالمی اقوام نے شرکت کی ۔   پاک بحریہ کی جانب سے امن مشقوں کا انعقاد امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے عزم کا عکاس ہے جوکہ اس کے نصب العین”امن کے لئے متحد“ سے ظاہر ہے جس کے تحت مشرق اور مغرب کی بحری افواج مشترکہ عالمی چیلنجز و مفادات کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتی ہیں۔ اس مشق کے انعقاد کا مقصد ہم خیال اقوام کے مابین اتحاد کی تشکیل، کثیر القومی سکیورٹی تعاون کی مزید مضبوطی، بحری آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ اور ثقافتی میل جول ہے۔ مشق امن 19کے ہاربر فیز کے دوران بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس، میری ٹائم دہشت گردی کے انسداد کی مشق کا عملی مظاہرہ، پیشہ ورانہ اُمور پر اعلیٰ سطح کا تبادلہ خیال اور مختلف ثقافتی سر گرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سی فیز میں جدید بحری حربی مہارتوں و صلاحیتوں کا مظاہرہ بشمول بحری قزاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز، انسدادِدہشت گردی کی مشقیں، میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز، سطح سمندر سے فائرنگ کے مظاہرے، سر چ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور انٹر نیشنل فلیٹ ریویو شامل ہو گا۔