بجلی کے محکمے کا حساب کتاب اور نگرانی کرنے والی اتھارٹی خود غیر تکنیکی افراد کےنرغے میں
اسلام آباد(92نیوز)بجلی کے محکمے کا حساب کتاب اورنگرانی کرنے والی نیپرااتھارٹی خود غیر تیکینکی ممبران پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کےمطابق نیپرا کی سالانہ رپورٹ نے جہاں وزارت پانی و بجلی کی مبینہ نااہلی،غفلت اور کرپشن بے نقاب کی وہاں نیپرا اتھارٹی کے ممبران کی تیکنیکی صلاحیتوں کی بھی قلعی کھول دی،رپورٹ میں نیپرا اتھارٹی ممبران کے کوائف بھی درج ہیں۔ قارئین کے علم کے لیے بتاتے چلیں کہ نیپرا اتھارٹی بجلی کی پیداوار،تقسیم ،ترسیل اور نرخوں کی نگرانی کرتی ہے لیکن آپ کو سن کر حیرانگی ہو گی کہ نیپرا اتھارٹی کے 5 ممبران میں سے 3 غیر تیکنیکی ہیں صرف دو ممبران انجینیئر ہیں ،وائس چیئرمین نیپرا میجر ریٹائرڈ ہارون الرشید ،ممبر ٹیرف خواجہ محمد نعیم اور ممبر مانیٹرنگ حمایت اللہ خان سابق بیورو کریٹس ہیں جنہیں ریٹائر منٹ کے بعد پیچیدہ ترین ذمہ داریاں سونپی گئیں خواجہ نعیم اسسسٹنٹ کمشنر،وفاقی محتسب ممبر بورڈ آف ریونیو بلوچستان اور سیکرٹری رہے۔
میجر ر ہارون الرشید نے سول سروس کے دوران توانائی کے شعبے میں کھبی کام نہیں کیا ممبر کے پی کے نیپرا حمایت اللہ خان بھی سابق بیورو کریٹ ہیں ۔
نیپرا ایکٹ تو کہتا ہے کہ ممبر ہونے کے لیے متعلقہ شعبے کا تجربہ رکھنے والے شخص کو ترجیح دی جائے شائد ملک میں بجلی کے بحران کے ساتھ ساتھ قحط الرجالی ہے کہ حکومتوں کو ماہر توانائی ہی نہیں ملتے اسی لیے تو صرف 2 ممبر انجینیر ملے ہیں چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی اور ممبر سندھ مسعود الحسن نقوی انجینیر ہیں ۔